Welcome to

Read Maududi

Log In

Don't have an account? Sign Up

Ghafir 40:8

Verse 8 of 85

رَبَّنَا وَاَدْخِلْهُمْ جَنّٰتِ عَدْنِ لَّتِیْ وَعَدْتَّهُمْ وَمَنْ صَلَحَ مِنْ اٰبَآىِٕهِمْ وَاَزْوَاجِهِمْ وَذُرِّیّٰتِهِمْ ؕ اِنَّكَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ الْحَكِیْمُ ۟ۙ

ترجمہ

اے ہمارے ربّ، اور داخل کر اُن کو ہمیشہ رہنے والی اُن جنّتوں  میں جن کا تُو نے اُن سے وعدہ کیا ہے ، اور اُن کے والدین اور بیویوں اور اولاد میں سے جو صالح ہوں (اُن کو بھی وہاں اُن کے ساتھ ہی پہنچا دے)۔ تُو بلاشبہ قادرِ مطلق اور حکیم ہے

English translation

Our Lord, admit them to the everlasting Gardens You have promised them and those of their fathers and spouses and progeny that were righteous. Surely You alone are Most Mighty, Most Wise;

تفہیم القرآن — حواشی

  1. 10

    اس میں بھی وہی الحاح کی کیفیت پائی جاتی ہے جس کی طرف اوپر حاشیہ نمبر 8 میں ہم نے اشارہ کیا ہے۔ ظاہر ہے کہ معاف کرنا اور دوزخ سے بچا لینا آپ سے آپ جنت میں داخل کرنے کو مستلزم ہے، اور پھر جس جنت کا اللہ نے خود مومنین سے وعدہ کیا ہے، بظاہر اسی کے لیے مومنین کے حق میں دعا کرنا غیر ضروری معلوم ہوتا ہے، لیکن اہل ایمان کے لیے فرشتوں کے دل میں جذبۂ خیر خواہی کا اتنا جوش ہے کہ وہ اپنی طرف سے ان کے حق میں کلمہ خیر کہتے ہی چلے جاتے ہیں حالانکہ انہیں معلوم ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ سب مہربانیاں ان کے ساتھ کرنے والا ہے۔

  2. 11

    یعنی ان کی آنکھیں ٹھنڈی کرنے کے لیے ان کے ماں باپ اور بیویوں اور اولاد کو بھی ان کے ساتھ جمع کر دے۔یہ وہی بات ہے جا اللہ تعالیٰ نے خود بھی ان نعمتوں کے سلسلے میں بیان فرمائی ہے جو جنت میں اہل ایمان کو دی جائیں گی۔ ملاحظہ ہو سورہ رعد آیت 23۔ اور سورہ طور آیت 21۔ سورہ طور والی آیت میں یہ تصریح بھی ہے کہ اگر ایک شخص جنت میں بلند درجے کا مستحق ہو اور اس کے والدین اور بال بچے اس مرتبے ے مستحق نہ ہوں تو اس کو نیچے لا کر ان کے ساتھ ملانے کے بجاۓ اللہ تعالیٰ ان کو اٹھا کر اس کے درجے میں لے جاۓ گا۔

Ghafir 40:8 — Translation & Tafsir | Read Maududi