Al-Isra' 17:79
Verse 79 of 111
وَمِنَ الَّیْلِ فَتَهَجَّدْ بِهٖ نَافِلَةً لَّكَ ۖۗ عَسٰۤی اَنْ یَّبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَّحْمُوْدًا ۟
ترجمہ
اور رات کو تہجّد پڑھو، یہ تمہارے لیے نفل ہے، بعید نہیں کہ تمہارا ربّ تمہیں مقامِ محمُود پر فائز کر دے
English translation
And rise from sleep during the night as well- this is an additional Prayer for you. Possibly your Lord will raise you to an honoured position.
تفہیم القرآن — حواشی
- 96
تہجد کے معنی ہیں نیند توڑ کر اُٹھنے کے ۔ پس رات کے وقت تہجد کرنے کا مطلب یہ ہے کہ رات کا ایک حصہ سونے کے بعد پھر اُٹھ کر نماز پڑھی جائے۔
- 97
نفل کے معنی ہیں”فرض سے زائد“۔ اس سے خود بخود یہ اشارہ نکل آیا کہ وہ پانچ نمازیں جن کے اوقات کا نظام پہلی آیت میں بیان کیا گیا تھا، فرض ہیں، اور یہ چھٹی نماز فرض سے زائد ہے۔
- 98
یعنی دنیا اور آخرت میں تم کو ایسے مرتبے پر پہنچا دے جہاں تم محمود خلائق ہو کر رہو، ہر طرف سے تم پر مدح و ستائش کی بارش ہو، اورتمہاری ہستی ایک قابل تعریف ہستی بن کر رہے۔آج تمہارے مخالفین تمہاری تواضع گالیوں اور علامتوں سے کر رہے ہیں اور ملک بھر میں تم کو بدنام کر نے کے لیے انہوں نے جھوٹے الزامات کا ایک طوفان برپا کر رکھا ہے ، مگر وہ وقت دور نہیں ہے جبکہ دنیا تمہاری تعریفوں سے گونج اُٹھے گی اور آخرت میں بھی تم ساری خلق کے ممدوح ہو کر رہو گے۔ قیامت کے روا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام شفاعت پر کھڑا ہونا بھی اسی مرتبہ محمود یت کا ایک حصہ ہے۔
